ہزارہ موٹروے پر پولیس اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کرنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ایک خاتون نے خود کو کرنل کی بیوی کا دعویٰ کرکے پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں اور گالیاں دیں۔

تھانہ سٹی مانسہرہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ اے ایس آئی اورنگزیب خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں درج تفصیلات میں خود کو "کرنل کی بیوی” ظاہر کرنیوالی خاتون کو ” نامعلوم "قرار دیا گیا۔



ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ اہلکار کی جانب سے خاتون کے خلاف شکایت میں الزام لگایا گیا کہ نامعلوم خاتون نے کار سرکار میں مداخلت کی، پولیس اہلکار کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی اور بیریئر کو نقصان پہنچایا۔

مانسہرہ پولیس اسٹیشن کے بیان کے مطابق پولیس اہلکاروں کو کنٹریکٹ پر سی پیک سیکیورٹی کےلیے تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے بدتمیزی اور دھمکیوں کے باوجود انتہائی صبروتحمل کا مظاہرہ کیا۔

خود کو کرنل کی بیوی ظاہر کرنیوالی خاتون کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات34/427، 186/506 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ’ڈیوٹی پر تعینات اے ایس آئی نے کار اے سی سی 35 کو روکا جس میں ایک خاتون اور مرد سوار تھے ۔ ہم نے آگے راستہ بند ہونے کی وجہ سے انہیں دوسرا راستہ اختیار کرنے کو کہا جس پر خاتون نے اہلکار وں سے بدتمیزی کی اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا۔

ایف آئی آر میں درج اے ایس آئی نے الزام لگایا کہ خاتون نے گالم گلوچ کی اور گاڑی میں بیٹھ کر مجھے کچلنےکی کوشش کرتے ہوئے راستہ بناتے ہوئے چلی گئیں۔

مذکورہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اینکر غریدہ فاروقی نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ حاضر سروس آرمی آفیسر کی بیگم کی ہزارہ موٹر وے چیک پوسٹ پر بدسلوکی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ نے واقعے کا فوری سخت نوٹس لے لیا۔ متعلقہ آفیسر کیخلاف فوراً ادارہ جاتی ضابطے کی کاروائی کا آغاز۔



یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہزارہ موٹر وے پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر خاتون نے اہلکاروں کو غلیظ گالیاں اور دھمکیاں دیں۔پولیس اہلکاروں کی جانب سے بار بار خاتون کو بتایا گیا کہ ہم آپ کو راستہ دے رہے ہیں تھوڑا صبر کریں مگر خاتون نے ایک نہ سنی۔


پولیس اہلکاروں نے کہا کہ یہاں ناکہ صوبیدار کی کمان میں لگا ہے تو خاتون نے گالی دیتے ہوئے کہا کہ "صوبیدار کی کیا اوقات ہے میرے سامنے”۔خود کو کرنل کی بیوی بتاتے ہوئے گھمنڈی عورت نے روکاوٹیں ہٹائیں اور گاڑی لے کر چلی گئی۔جبکہ پولیس اہلکار خاتون کو دیکھتے رہ گئے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close