چکوال(عبدالغفورمنہاس)تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد حلقہ پی پی بیس کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ طارق افضل کالس کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں چکوال پہنچ گئیں۔ اور انہوں نے قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت کے مطابق ڈور ٹو ڈور انتخابی 
مہم شروع کر دی۔ چکوال میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کے دوران سابق ایم پی اے اور پی ٹی آئی کی رہنما فوزیہ بہرام بھی ان کے ہمراہ تھیں۔


ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار راجہ طارق افضل کالس کے لیے ووٹ مانگے ،ڈاکٹر یاسمین راشد نے عمران خان کا منشور گھر گھر پہنچایا اور خواتین سے اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار کو کامیاب بنائیں ،ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر اخبار نویسوں کو بتایا کہ وہ پی پی بیس کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم چلانے کے لیے چکوال پہنچی ہیں اور گھر گھر جا کر تحریک انصاف کے لیے ووٹ مانگیں گی، انہوں نے کہا کہ 9جنوری کو ضلع چکوال کو مسلم لیگ ن کا قلعہ کہنے والوں دن میں تارے میں نظر آ جائیں گے۔یہی لوگ این اے ایک سو بیس کو بھی مسلم لیگ ن کا قلعہ کہا کرتے تھے لیکن عوام نے ان کے خلاف فیصلہ دیا اب حالات بدل چکے ہیں اور ان کے چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں،ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے اس سوال کا جواب کہ مجھے کیوں نکالا یہ ہے کہ انہوں نے عوام کوبے یارومدگار چھوڑ کر حکومتی وسائل استعمال کرتے ہوئے اپنی تجوریاں بھریں، اگر میاں نواز شریف عوام کے ساتھ مخلص ہوتے تو پسماندگی کی یہ حالت نہ ہوتی اور نہ ہی ادارے تباہ ہوتے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نو جنوری کو پی پی بیس کی عوام راجہ طارق افضل کالس کو منتخب کر کے مسلم لیگ ن اور شریف برادران کا احتساب کرے گی ۔اور اس خود ساختہ لیگی قلعے میں جو دراڑیں پڑ چکی ہیں آخری دھکا دیں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close