چکوال(عبدالغفورمنہاس سے)گورنمنٹ ڈگری کالج بوچھال کلاں کے پرنسپل پروفیسر عظمت کو ہتھکڑیاں لگا کر بازار میں پھرانے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی ایس پی صدر امجد شہزاد نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں واقعہ کی انکوائری کی سب انسپکٹر وقاص اپنا موقف درست انداز میں پیش نہ کر سکا جس پر انکوائری آفیسر نے اس کی سخت سرزنش کی۔ڈی ایس پی دفتر میں پروفیسر عظمت کے ہمراہ درجنوں پروفیسرز اور لیکچررز موجود تھے۔

پروفیسر عظمت نے اس موقعہ پر بتایا کہ سب انسپکٹر وقاص نے ان کی حویلی پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنےوالوں کی سرپرستی کی اور ان کو موقعہ فراہم کیا کہ وہ ناجائز طور پر قبضہ جمائیں۔

پروفیسر عظمت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 28مئی کو دی جانے والی درخواست پر 7جون تک کوئی کاروائی نہ کی گئی تھی اور سب انسپکٹر وقاص نے سرے سے ہی انکار کر دیا کہ پروفیسر عظمت کی طرف سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔پروفیسر عظمت کے ساتھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدےداران پروفیسر شاہد آزاد اور دیگر نے بھی ڈی ایس پی امجد شہزاد کے دفتر میں اظہار یکجہتی کیا۔

 دریں اثناءسب انسپکٹر وقاص کے خلاف پروفیسر عظمت کے ساتھ زیادتی کرنے پر پنجاب بھر کے 6سو سے زائد پروفیسرز نے تحریری درخواستیں آئی جی پنجاب اور دیگر حکام کو بھجوائی ہیں۔ 
-------------------------------------------------

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close