کلرکہار( محمد عثمان اعوان) صوبائی سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری میاں وحیدالدین نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلی حیات و پارکس کی طرف سے صوبہ میں گزشتہ تین سالوں کے دوران شکاریوں کو فیزنٹ شوٹ اورٹرافی ہنٹنگ کے مواقع کی فراہمی سے سپورٹس ہنٹنگ کے عمل کو فروغ ملا ہے،انہوں نے کہا شکاریوں کو مصنوعی ماحول میں پروان چڑھنے والے پرندوں و جانوروں کے شکار کے مواقع کی فراہمی سے جنگلی جانوروں و پرندوں پر سے شکار کے دباؤ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی ،انہوں نے یہ بات کلر کہار میں منعقدہ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2018 ء کی افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان ، چےئر مین ہوبارا کمیشن ڈاکٹر حسن پرویز، ڈپٹی کمشنر چکوال، نواب آف کالا باغ ملک عبد الوحیدخان، سالٹ رینج کی پانچوں کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کے صدور، اعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ اور محکمہ کے افسران کے علاوہ علاقے کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی، صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ شکاریوں کے پر زور اصرار پر محکمہ جنگلی حیات و پارکس کے زیر اہتمام فیزنٹ شوٹ پروگرام 2018 ء کا انعقاد لائق تحسین ہے جس سے نہ صرف سپورٹس ہنٹنگ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ عوام کو صحت مند تفریح بھی میسر آئے گی، انہوں نے کہا کہ شکاریوں کی خصوصی دلچسپی کے باعث محکمہ ان کی تفریح یہ سلسلہ جاری رکھے گا،انہوں نے کہا کہ قانونی شکار ہی جنگلی حیات کے تحفظ کی ضمانت ہے۔،انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب کی کاوشوں کو بھی سراہا، ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہنٹرز کنونشن، کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز سیمینار ، بریڈرز کنونشن اور اس جیسی دیگر تقریبات کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے عوام آگہی پیدا کررہاہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات قانونی شکار کے فروغ کے لئے شکاریوں کو ہر ممکن مواقع فراہم کر رہا ہے،انہوں نے کہا کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016 ء اور فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016 ء اور اب موجودہ فیزنٹ شوٹ پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد محکمہ جنگلی حیات اور قانونی شکاریوں کے مابین فاصلوں کو کم کر کے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ قانونی شکار کو فروغ دے کر ہی غیر قانونی شکار کی حوصلہ شکنی ممکن ہے،انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کے زیر اہتمام بریڈ کروا ئے گئے پرندوں کا شکار کروانے سے جنگلوں میں موجود جنگلی حیات کی آبا دی کو پورا رکھنا ممکن ہوگا،انہوں نے کہا کہ محکمہ کے زیر انتظام مختلف تقریبات کے انعقاد سے جنگلی حیات کے تحفظ بارے آگہی پیدا کی جا رہی ہے، بعد ازاں سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری نے گن فائر کرکے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا،فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2018 ء کے سلسلہ میں نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ دیگر صوبوں سے آئے ہوئے ملک کے معروف شکاریوں نے حصہ لیا،یاد رہے کہ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016 ء کے دوران 45 شکاریوں نے پرندوں کا شکار کر کے اپنے شوق کی تکمیل کی تھی اور فراہم کردہ 225پرندوں کا شکار کرکے محظوظ ہوئے تھے،یہ پروگرام تین روز تک جاری رہے گا،پروگرام کے اختتام پر سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات نے ڈی جی وائلڈ لائف سمیت دیگر افسران کو ان کی بہترین کارکردگی پر شیلڈز سے بھی نوازااور ان تعریفی کلمات کہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close