پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے آن لائن گیم پب جی کے نمائندوں سے مذاکرات کامیابی سے طے پا گئے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد پی ٹی اے نے آن لائن گیم پب جی کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہنا تھا کہ پی ٹی اے کی پروکسما بیٹا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی ہے، جس میں پراکسما بیٹا (پی بی) کے نمائندوں نے گیمنگ پلیٹ فارم کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے پی بی کے رکھے گئے کنٹرولز کے سلسلے میں پی ٹی اے کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب پر اتھارٹی کو آگاہ کیا۔



پریس ریلیز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اب تک کے پروکسما بیٹا کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور گیم کی مسلسل نگرانی اور کنٹرول کے جامع طریقہ کار پر زور دیا۔

پی ٹی اے کی پریس ریلیز کے مطابق کمپنی کے نمائندے نے اس معاملے پر پی ٹی اے کے تاثرات کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ پی ٹی اے کے خدشات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ ، کمپنی نے پی ٹی اے سے پب جی پر سے پابندی ہٹانے کی درخواست کی۔

پی ٹی اے کا اپنی پریس ریلیز کے آخر میں کہنا تھا کہ اتھارٹی نے کمپنی کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور دیے گئے ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے، آن لائن گیم پب جی پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس سے قبل آن لائن گیم پب جی کے کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے پابندی عائد کر رکھی تھی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close