چکوال(عبدالغفورمنہاس) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ تحصیل لیول کے نائب چیئرمین کو وزیراعلیٰ بنا کر زیادتی کی گئی ،عثمان بزردار گو وزیراعلیٰ پنجاب ہیں مگر ان کے کندھوں پر بندوقیں رکھ کر چلانے والے لوگ کوئی اور ہیں، عثمان بزدار ناتجربہ کار وزیراعلیٰ ہیں وہ یہاں چکوال میں شہنشاہ چوک میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک صفدر اعوان کی وفات پر ان کے صاحبزادوں سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی کے باعث معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی جبکہ مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت پانچ سالوں میں پچاس لاکھ گھر بنانے کے دعوے کر رہی ہے جو کسی صورت میں بھی ممکن نہیں۔ مردم شماری کے مطابق ملک میں پچاس لاکھ پکے گھر سامنے آئے ہیں جو حکومتی دعوے کو غلط ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔
 جنرل(ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ملکی مفاد میں حکومت کے ساتھ ہر طرح کاتعاون کرنے کو تیار اور حکومت کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے مگر زبانی کلامی جمع تفریق کے حق میں نہیں، انہوں نے کہاکہ حکومتی نااہلی کے باعث ڈالر مہنگا اور روپیہ سستا ہو رہا ہے اور حکومت ہوا کے اندر عوام کو گھر بنا کر دے رہی ہے۔ جنرل(ر) عبدالقیوم نے بتایا کہ نواز شریف دور میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے گئے ،کشمیر ہائی وے بنی ،میٹرو لاہور بائی پاس ،گوادر اور دیگر منصوبوں پر کام ہوا اس کے برعکس موجودہ حکومت کے دس ماہ گزر چکے ہیں مگر ابھی تک وہ خواب ہی دکھا رہی ہے۔
 ایک سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے کبھی باہر جانے کی خواہش نہیں کی ،جان کے اوپر بھی بن جائے تو سیاست کرتے ہیں میاں نواز شریف کا مشن ہے کہ سیاست ضرور کرنی ہے اور ملکی مفاد کے لیے آگے چلنا ہے ،انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف وہ واحد لیڈر ہیں جو بیرون ملک تھے اور سزا ہوئی تو وہاں سے بیٹی کو لے کرسیدھا اڈیالہ جیل پہنچ گئے ،جنرل(ر) عبدالقیوم نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم عدالت کے مشکور ہیں جس نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا اور میاں نواز شریف کی ضمانت منظور کی ،چار سے پانچ میڈیکل بورڈ بٹھائے گئے سب نے یہی کہا کہ ان کی حالت ٹھیک نہیں ہے ،میاں نواز شریف کے اوپر تلے دو دل کے آپریشن ہوئے اور انہیں سٹنٹ ڈالے گئے ،قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے ملک صفدر اعوان کے انتقال پر ان کے بیٹوں عبدالغفار خان ،کونسلر سکندر جٹ اور بنارس خان سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close