تلہ گنگ(نامہ نگار) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے تلہ گنگ پریس کلب میں سرور فاونڈیشن اور الکرم ویلفیئر ٹرسٹ کے مشترکہ تعاون سے لگنے والے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد تلہ گنگ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے عہدیداروں سے حلف لیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اپنی اہلیہ کے ہمراہ تلہ گنگ پہنچے تو ان کا چودھری غلام ربانی کی قیادت میں صحافیوں نے شاندار استقبال کیا۔ ننھی بچیوں نے گورنر پنجاب کو پھولوں کے گلدستہ پیش کئے۔ 


 گورنر پنجاب نے تلہ گنگ پریس کلب میں سرور فاونڈیشن اور الکرم ویلفیئر ٹرسٹ کے مشترکہ تعاون سے لگنے والے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس پلانٹ سے لگ بھگ دو لاکھ افراد مستفید ہونگے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ عمران خان نے کرتار پورہ بارڈر کھول کر تاریخی فیصلہ کیا۔ اس فیصلہ سے عمران خان نے سکھوں کے دل جیت لیے ہیں۔ میں نے بیرون ملک دورہ میں سکھوں کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں تو انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اگر صرف ایک ملین سکھ کمیونٹی ہی پاکستان آئے تو ہمیں 2 بلین ڈالر کا سیاحت کے شعبہ میں فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ دنیا کے کئی ملکوں کی معیشت سیاحت پر انحصار کرتی ہے۔ ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنا کر پیش کریں گے تاکہ دنیا جب چاہے ہمارے ملک میں آئے ہم بابا گرو نانک کے جنم دن پر سکھوں کو بڑا تحفہ دیں گے۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی ایک بھی شخص صاف پانی سے محروم نہ رہے۔ ملک میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد افراد پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ ہم پلانٹس لگا کر نوجوان نسل کو صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں۔ اب تک دو سو فلٹریشن پلانٹس لگا کر پندرہ لاکھ افراد کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا۔ بیرون دورہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہاں جانے کے تین مقاصد تھے۔ بیرون ملک مقیم پی ٹی آئی کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا تھا جنہوں نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کیا۔ دوسرا ان کو اپنے وطن میں سرمایہ کاری کی دعوت دینی تھی۔ ان کو اس بات پر تیار کرنا تھا کہ وہ وہاں کی لوکل سیاست میں حصہ لیں۔ اگر وہ لوکل سیاست میں حصہ لیتے ہیں تو اس سے پاکستان کا بھلا ہو گا۔ 1997 میں جب میں برطانیہ کی سیاست میں داخل ہوا تو اس وقت برطانیہ پاکستان کو صحت اور ایجوکیشن کے شعبہ میں 20 ملین پاونڈ امداد دیتا تھا۔ اور جب میں کئی سالوں بعد جب ریٹائرڈ ہوا تو امداد بڑھ کر 400 ملین پاونڈ ہو چکی تھی ۔ یہ سب ہماری ہی کوشش کی بدولت ممکن ہوا۔ اس وقت برطانیہ سب سے بڑا ملک ہے جو پاکستان کی امداد کرتا پے۔ جی ایس ٹی پلس یورپ کے 28 ممالک جاتی ہے۔ اور وہ ٹیکس فری ہے۔ میرے بیرون ملک دورے پر تنقید کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے وہاں جا کر حکومتی اور اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کو بھارت کی بارڈر پر پیدا کی جانے والی ٹینشن سے آگاہ کیا۔ جس پر انہوں نے اپنی حکومتوں کو بھارت کیخلاف خطوط لکھے۔ میں نے 45 کروڑ کے فنڈ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کیلئے اکٹھے کئے۔ ان شا ء اللہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور فری علاج ہو گا۔ ہم عمران خان کی قیادت میں جو وعدے کئے وہ ضرور پورے کرینگے۔ 2 کروڑ پنجاب کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنا تھا۔ آٹھ ماہ ہو گئے کبھی بیوروکریسی تو کبھی کوئی دوسرا معاملے کو لٹکائے ہوئے ہے۔ ان شاء اللہ ہم دسمبر تک پنجاب کے 50 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرینگے۔ ہمارے ملک میں اشرافیہ ہے جسے غریبوں کی کوء فکر نہیں ہے کہ کسی کے پاس پینے کا پانی ہے یا نہیں ۔بِیس لاکھ لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنا سو مساجد سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بدولت بیرون ممالک کو پہلے انڈیا کی ہر بات کو سچ سمجھتے تھے اب پاکستان کی بات توجہ سے سنتے ہیں۔ دنیا عمران خان کو سچا اور ایماندار سمجھتی ہے۔ تقریب سے گورنر پنجاب کی اہلیہ فرزانہ سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ جب تلہ گنگ آئیں تو بیوہ اور غریب خواتین کو سلائی مشینیں دیں۔ ہم چاہتے ہی غریب اپنے پاوں کھڑے ہو جائیں۔ ان شاء اللہ ہم غریب عوام کیلئے ہر قسم کی سہولیات دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ چیئرمین الکرم ویلفیئر و سینئر صحافی چودھری غلام ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ غریبوں کیلئے کچھ نہ کچھ پلان کر رہے ہوتے ہیں۔ فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں انہوں نے اپنی این جی او کے تحت لاکھوں افراد کو پینے کے صاف پانی مہیا کرنے کا بیڑہ اٹھایا جس پر پنجاب کی عوام ان کی شکر گزار ہے۔ تلہ گنگ میں ایک اور مقام پر بہت جلد دوسرا فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کرایا جائے گا۔ جس کیلئے گورنر پنجاب نے مقامی انتظامیہ کو ایڈمنسٹریشن بلاک کا نام دینے کو کہا ہے ۔ تقریب میں ایم این اے سردار ذوالفقار دلہہ، ایم این اے فوزیہ بہرام۔ ایم پی اے سردار آفتاب اکبر۔ ایم پی اے آسیہ،ضلعی صدر پی ٹی آئی ملک یاسر پاتوالی، سابق ایم پی اے کرنل سلطان سرخرو، حکیم نثار احمد، ملک فدا حسین۔ نواب زادہ زاہد مبارز ، صدر تلہ گنگ بار خواجہ ناصر آفتاب، خواجہ آفتاب ، ملک ریاض موگلہ، ڈپٹی کمشنر چکوال عبدالستار عیسانی، ڈی پی او چکوال عادل میمن،سید تقلید رضا شاہ سابق ایم پی اے ،ملک یاسر دندہ ،چیئرمین ایم سی تلہ گنگ ملک رفیع اللہ دھولہ،ملک زاہد اعوان ،ملک جابر حیات فاؤنڈر ممبر پی ٹی آئی پنڈی گھیب ،اظہر جاوید خان ڈی جی ایگریکلچرل لاہور ،کرنل طارق ارائیں اسلام آبا د سمیت علاقہ کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔قبل ازیں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اپنے پروٹوکول آفیسر ہمایوں ملک کی رہائش گاہ مورت پہنچے تو ملک سعید احمد، ملک جلیل احمد سمیت عزیز و اقارب نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر پنجاب تھوڑی وہاں ٹھہرے۔ بعد ازاں تلہ گنگ دورے کے اختتام پر وہ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار کی رہائش گاہ بھی گئے۔ اور ان سے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close