چکوال(شفیق ملک )ڈپٹی کمشنر چکوال کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی نے کہا ہے کہ معاشرہ اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم اور ذمہ دارانہ ہے، ضلع کے ہیڈ کی حیثیت سے میں سمجھتا ہوں کہ میڈیا کی مسائل بارے نشاندہی اور فیڈ بیک میرے لئے بڑی مدد گار ہوتی ہے اور یہ بات انتہائی پرمسرت ہے کہ چکوال کا میڈیا خصوصاً تنظیم’’الوجود‘‘ کے متحرک، پروفیشنل اور مثبت صحافت کے داعی ممبران ضلعی صحافت میں بڑا ذمہ دارانہ کردارادا کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کے ورکنگ جرنلسٹس کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم’’الوجود‘‘ کے ایک وفد سے کیا جس کی قیادت صدر ’’الوجود‘‘ محمد ریاض انجم کررہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ہونیوالی اس ملاقات میں تنظیم کے چیف کوآرڈینیٹر یاسین چوہدری، جنرل سیکرٹری شفیق ملک، انفارمیشن سیکرٹری برہان غنی، جوائنٹ سیکرٹری محمد فیض، فنانس سیکرٹری محبوب حسین جراح، سینئر نائب صدر چوہدری نذر حسین، نائب صدور ایم اسحاق حسرت، مقصود حسین کے علاوہ ممبران ایگزیکٹو باڈی حاجی ظفر اقبال، مرتضیٰ انجم ملک، عبدالغفار پارس، چوہدری عبدالجبار، ممبران مرزا ساجد اقبال اور تابش ریاض انجم بھی موجود تھے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی کو تنظیم ’’الوجود‘‘ کے قیام کے اغراض و مقاصد، حالیہ ہونیوالے سالانہ انتخابات، تنظیم ممبران کی بہترین کے حوالہ سے اٹھائے جانیوالے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی اور یہ بھی بتایا گیا کہ تنظیم’’الوجود‘‘ صرف اپنے ممبران کی بہتری کیلئے ہی کام نہیں کررہی بلکہ ضلع چکوال کی تعمیر و ترقی میں بحیثیت تنظیم اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے چکوال میں سیاحت کے فروغ اور جیپ ریلی کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے پر یاسین چوہدری کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا، ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے مزید کہا کہ چکوال پرامن ضلع اور یہاں کے عوام بھرپور تعاون کرنیوالے ہیں اور ہم سرکاری افسران یہاں پر سیاست نہیں کرنے آئے بلکہ ضلع کے عوام کی خدمت کیلئے متعین کئے گئے ہیں، ہمارا مقصد پروٹوکول حاصل کرنا نہیں ہوتا بلکہ ہمارا کام لوگوں کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ میرے دروازے ہر ایک شہری کیلئے کھلے ہوتے ہیں اور صحافی بھائی تو میرے اور ضلعی انتظامیہ کیلئے بڑے مقدم ہیں جن کی بدولت مسائل اور دیگر معلومات ہم تک پہنچتی ہیں، ملاقات کے اختتام پر ’’الوجود‘‘ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو ایسے مسائل بارے آگاہ کیا جن کے حل سے شہریوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔
شفیق ملک نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تاجروں اور ہسپتال سے غیر متعلقہ افراد کی گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے مریضوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، مرتضیٰ انجم نے میونسپل کمیٹی سے متعلقہ سٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی، بجلی کے کھمبوں میں ارتھ نہ ہونے جیسے مسائل بیان کئے، محبوب حسین جراح نے تلہ گنگ کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تجاوزات، بلکسر تلہ گنگ اور میانوالی روڈ کی خستہ حالی کے باعث آئے روز ہونیوالے سنگین حادثات، تلہ گنگ میں لفٹر منظوری دینے و دیگر امور بارے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلات فراہم کیں،مرزا ساجد اقبال اور تابش ریاض نے موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی نہ کرنے پر قانون کو بھرپور عمل میں لانے کی تجویز دی۔
محمد فیض نے مواضعات میں جا بجا بنائے گئے سپیڈ بریکر، صحت و صفائی اور نکاسی آب جیسے مسائل بارے آگاہ کیا، حاجی ظفر اقبال نے اوور لوڈنگ کے باعث سڑکوں خصوصاً سیمنٹ فیکٹریوں کے لئے خام مال کی اوور لوڈنگ کی روک تھام کے اقدامات کرنے پر زور دیا جبکہ عبدالغفار پارس نے بھون روڈ تجاوزات خاتمہ بارے توجہ دلائی تو ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہت جلد آپریشن کلین اپ کیا جائیگا، ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے ’’الوجود‘‘ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بہترین انداز میں مسائل اجاگر کئے ، ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
یہ خبر بھی پڑھیں:
وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام 752 عازمین حج کی تربیتی ورکشاپ 10اپریل کو مکہ میرج ہال تھنیل پھاٹک چکوال میں منعقد ہوگی، یہ تربیتی ورکشاپ9بجے سے ایک بجے تک ہوگی جس میں ڈائریکٹر حج حسیب احمد صدیقی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ جبکہ ٹریننگ کوارڈینیٹر تنویر اصغر کی نگرانی میں ماسٹر ٹرینر کرنل ظفر اقبال عاصم اور بابر عمران قریشی عازمین حج کو تمام مناسک کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے۔اس ضمن میں مقامی سماجی کارکن حاجی محمود احمد کی معاونت سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں
If you have any doubts, Please let me know