بھارتی پولیس نے کوویڈ 19 احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے پر بکرے کو گرفتار کرلیا، شہریوں نے احتجاج کیا تو پولیس نے موقف تبدیل کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں بھارتی پولیس نے انوکھی کارروائی سرانجام دی، جس میں کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف پر ایک بے زبان جانور کو حراست میں لے لیا۔

کانپور پولیس اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ انہیں سڑک پر ایک بکرا گھومتا ہوا نظر آیا جسے پولیس اہلکاروں نے فیس ماسک نہ پہننے کے جرم میں گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔

بکرے کی گرفتاری کی خبر مالک نے سنی تو دوڑتا ہوا تھانے پہنچا اور بکرے کی رہائی کیلیے تھانے دار سے التجا کی، جس پر تھانے دار اس شرط پر کہ آئند بکرے کو فیس ماسک پہنا کر باہر چھوڑو گے رہا کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بکرے کی گرفتاری سے متعلق خبر سوشل میڈیا پر عام ہوئی تو شہریوں نے کانپور پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور احتجاج بھی کیا جس پر پولیس نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ بکرے کے مالک کو گرفتار کرنا چاہ رہے تھے جس نے فیس ماسک نہیں پہنا ہوا تھا اور اسی کی گرفتاری کے لئے بکرے کو تھانے لائے تھے۔

انورگنج پولیس تھانے کے سرکل افسر سیف الدین نے خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کو بتایا کہ لوگ اب اپنے کتوں کو بھی ماسک پہنا رہے ہیں تو بکرے کو کیوں نہیں؟

واضح رہے کہ کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا کے کیسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ماسک اور سماجی دوری زندگی کے اہم جُز بنتے جارہے ہیں۔ 

ایک تبصرہ شائع کریں

If you have any doubts, Please let me know

 
Top
close